ساہیوال: آرٹ اینڈ‌ کرافٹ میلہ 25 اپریل کو ہو گا

ساہیوال (ایس این این) نیلی بار کی ثقافت کو پاکستان اور دنیا بھرمیں متعارف کروانے اور مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام 25 اپریل کو آرٹ اینڈ کرافٹ میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں ڈویژن بھر سے فنکار ،دستکار اور ہنر مند مختلف مقابلوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔یہ بات ڈائریکٹر آرٹس کونسل ریاض حسین شاہ نے بتائی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کی تخلیقات کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کیلئے اس مقابلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں ہڑپہ آرٹ کے علاوہ کھلونے بنانے والے ،کھُسے بنانے والے اور ٹوکریاں بنانے والے فنکار حصہ لیں گے ۔اس کے علاوہ دستکاری ،گلاس پینٹنگ ،لیدر آرٹ اور ووڈ ورک میں بھی مقابلوں کا انعقاد کیا جاے گا ۔یہ مقابلے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جناح ھال میں جاری رہیں گے جن میں فنکار موقع پر ہی اپنے فن پارے تخلیق کریں گے۔مقابلوں کے اختتام پر کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی ایک خصوصی تقریب میں پوزیشن حاصل کرنیوالے دستکاروں اور فنکاروں میں نقد انعامات اور شیلڈز تقسیم کریں گے جو بعد میں صوبائی سطح کے مقابلوں میں ساہیوال ڈویژن کی نمائندگی کریں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں