ساہیوال:‌ڈکیتی کے واقعات میں 35 لاکھ لوٹ لیے گئے

ساہیوال (بیورورپورٹ ) ڈکیتی کی 2مختلف وارداتوں میں نامعلوم ملزمان 35لاکھ 57ہزار روپے کی نقدی ‘طلائی زیورات ‘چاندی ‘پسٹل اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے ۔ ڈکیتی کی واردات اڈہ شبیل 70/4-Rمیں ہوئی یہاں محمدعمر نے اپنے گھر سے ملحقہ دکان صراف بنائی ہوئی تھی ۔ رات کے وہ گھر سویا ہوا تھا کہ 6نامعلوم مسلح ملزمان دیوار پھلانگ کر گھر داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر کمرہ میں بند کردیا اور طلائی زیورات ‘ چاند ی ‘ پسٹل لائسنسی اور موبائل کل مالیتی 33لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ۔ دوسری واردات پاکپتن روڈ پر ہوئی یہاں اوکاڑہ کا رہائشی محمدیاسین رات کے وقت کار پر عارفوالا سے واپس گھر جارہا تھا کہ پاکپتن روڈ بائی پاس پر کار پنکچر ہو گئی اور اس دوران 4نامعلوم مسلح ملزمان نے گن پوائنٹ پر نقدی ‘ طلائی زیورات اور موبائل فون کل مالیتی 2لاکھ 57ہزار روپے چھین کر فرار ہو گئے ۔پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں