خطرناک عمارات کے مالکان کو نوٹس جاری کیے جائیں: مئیر بلدیہ

ساہیوال( بیورورپورٹ)میئر ساہیوال اسد علی خان بلوچ نے میونسپل کارپوریشن افسران کو ہدایت کی ہے کہ برسات کے موسم میں سیلاب کے پیش نظر پیشگی تیاری شروع کی جائے ۔ سیوریج مین ہولز ‘برساتی نالوں اورہائی سٹریٹ کے نالے کی صفائی کروائیں اور نالہ سے تجاوزات بھی ہٹوائیں تاکہ پانی کی نکاسی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو ۔ سنیٹری افسران صفائی کیلئے خصوصی توجہ دیں ۔ وہ یہاں میونسپل کارپوریشن کے افسرا ن کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر چیف آفیسر زبیر وٹو اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہاکہ کارپوریشن کی حدود میں موجود خطرناک عمارتوں کا سروے کرکے خطرناک عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کئے جائیں اورانہیں پابند کریں کہ وہ موسم برسات سے قبل اپنی عمارات کی مرمت کروائیں یا کسی متوقع خطرناک صورتحال سے بچنے کیلئے انہیں گرا دیں ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فلڈ انتظامات کے لئے شہر کو 4زونز میں تقسیم کرکے متعلقہ افسران کی ڈیوٹی لگاد ی ہے اور انہیں مشینری ٹریکٹر ٹرالیاں وغیرہ کے بارے بریف کردیا گیا ہے ۔ اجلا س کو بتایا گیا کہ سیلاب کے پیش نظر فائر بریگیڈ دفترمیں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں ملازمین کی ڈیوٹی لگائی جائے گی ۔ میئر ساہیوال اسد علی خان بلوچ نے ہدایت کی کہ سیلاب کے موسم میں تمام افسران و ملازمین اپنی اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور جانفشانی سے انجام دیں تاکہ کسی بھی قسم کی مشکلات پیدا نہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں