ساہیوال(ایس این این ) الیکشن کمیشن کی طرف سے نوکریوں پر پابندی کا حکم نظر انداز ‘سیاسی دبائو پر ایم ایس قیوم ہسپتال نے 33۔ افراد کے تقررنامے بیک ڈیٹ میں راتوں رات جاری کر دیئے ‘میڈیکل فٹنس کا پراسس جاری ‘ درجہ چہارم کے تقررناموں کی کوشش شروع۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف الیکشن کمیشن کی طرف سے نوکریوں پر پابندی عائد ہونے کے بعد سیاسی بااثر حلقے متحرک ہو گئے اور سیاسی دبائو کے تحت ایم ایس قیوم ہسپتال ڈاکٹر عبدالوحید چوہدری نے 11۔اور 12۔ اپریل کی رات کو بیک ڈیٹ 30مارچ 2018ء میں 33۔ افراد کے تقررنامے جاری کرکے آج حوالے کردیئے جن کا میڈیکل فٹنس کا پراسس شروع کردیا گیا ہے تاہم درجہ چہارم کے تقرر نامے ابھی تک نہ ہوئے جن کی کوشش جاری ہے ۔تقرر نامے جونیئر کلرک ‘پرچی فیس کلرک ‘ ریسپشنسٹ ‘ ڈریسر ‘ ڈسپنسرز ‘آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ ‘لیب ٹیکنیشن ‘سٹرلائزیشن ‘ٹیکنیشن اور ریڈیو گرافر وغیرہ جاری ہوئے ہیں ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ آسامیوں کیلئے تقریباً6ماہ قبل اشتہار دیا گیا ایک ماہ قبل انٹرویو مکمل ہوئے ۔ کاغذات سکروٹنی اورمیرٹ لسٹ کا کام فارما سسٹ مرزا عدنان کے حوالے کیا گیا۔ بعدازاں یہ کام ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فرقان اور جونیئر کلرک فخر تلہ کے حوالے کیا گیا جس کے بعد میرٹ اورپابندی کو نظر انداز کرتے ہوئے گزشتہ رات بیک ڈیٹ 30مارچ میں 33۔ افراد کے تقررنامے جاری کئے گئے ۔ جونیئر کلرک فخر تلہ کا بھائی قمر میرٹ لسٹ میں 170ویں نمبر پر تھا کو بھی تقررنامہ جاری کردیا گیا ۔ڈاکٹر عبدالوحید چوہدری سے رابطہ کیا تو وہ دفتر موجود نہ تھے اوران کا موبائل فون بند تھا ۔ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فرقان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہاکہ ان تقررناموں پر الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن لاگو نہیں ہوتا تاہم وہ بیک ڈیٹ میں کئے گئے تقررناموں کا جواب نہ دے سکے۔
