پی آئی اے کے ایم ڈیز کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

اسلام آباد(ایس این این) چیف جسٹس آف پاکستان پی آئی اے کے 2008 سے 2018تک کے ایم ڈیز کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ میں پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ پی آئی اے کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا گیاہے اسے بربادکرنے والے ملک کے دشمن ہیں۔انہوں نے نجکاری سے متعلق وفاقی حکومت سے جواب طلب کر تے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کا پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق کیا منصوبہ ہے؟قبل ازیں پی آئی اے کے وکیل نےپی آئی اے کا 9سالہ آڈٹ ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔چیف جسٹس نےوکیل سے استفسار کیا کہ عدالت کوآج تک ہونےوالے نقصانات سے آگاہ کریں،جس پر وکیل نے بتایا کہ 2013میں پی آئی اے کو لگ بھگ 44ارب روپے کا نقصان ہوا،2014میں پی آئی اےکو37ارب، 2015میں 32ارب روپےکانقصان ہوا،2016میں پی آئی اےکو45ارب اور 2017میں 44ارب روپےکانقصان ہوا۔ چی جسٹس نے کہا کہ پی آئی اےکےوہ ایم ڈی طلب کیے جائیں جن کےادوار میں نقصان ہوا۔عدالت کو بتایا گیا کہ پی آئی کے زیر انتظام چلنے والے تمام جہاز پی آئی اے کی ملکیت نہیں کچھ لیز پر لیے گئے ہیں.چیف جسٹس کے استفسار پر عدالت کو بتایا گیا کہ مارکیٹ میں پی آئی اےکی فی شیئر قیمت 5 روپے ہے۔ چیف جسٹس نے پیش ہونے والے ایم ڈیز سے کہا کہ آپ نے ادارے کو تباہ کیا،قوم کا اثاثہ تباہ کرنے والے ظالم اور غدار ہیں.عدالت ایک کمیشن بنا رہی ہے جو معاملات کی تحقیق کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں