یورپ میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے: مولانا منظور شاہ

ساہیوال (بیورورپورٹ) جامعہ فریدیہ کے بانی و شیخ الحدیث علامہ پیر ابوالنصر منظور احمد شاہ نے کہاہے کہ اسلام اپنی حقانیت کے بل بوتے پر یورپ سمیت پوری دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے جس سے عالم کفر شدید خائف ہے اورہزاروں اسلام مخالف تنظیموں کے باوجود صرف برطانیہ میں 1600سے زائد مساجد آباد ہیں۔اسلامی تعلیمات سے متاثر ہو کر لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہو رہے ہیں۔ وہ یہاں 20روزہ تبلیغی دورہ یورپ سے واپسی پر بزم فرید کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے یورپ کی مذہبی صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے روز مساجد مسلمانوں سے کھچا کھچ بھری ہوتی ہیں جو مسلمانوں کے مذہبی رحجان کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ اتوار کے روز گرجے ویران نظر آتے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ میں ہونے والے اجتماعات میں اسلامی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اسلام امن و سلامتی‘ تحمل بردباری اور حسن اخلاق کا درس دیتا ہے جس دین میں دشمن کو بھی معاف کرنے کا حکم ہو۔اس کو دہشت گرد قرار دینا حقیقت کو جھٹلانے کے مترادف ہے۔ فتح مکہ کے موقع پر حضور ﷺ کا جانی دشمنوں کو معاف کرنا دینا اس کا بیّن ثبوت ہے ۔برما‘ کشمیر‘ فلسطین ‘ شام‘ چیچنیا جیسے ممالک میں مسلمانوں پر ہونے والا ظلم و ستم سب سے بڑی دہشتگردی ہے ۔حال ہی میں افغانستان کے مدرسہ پر امریکہ کی بمباری کے نتیجہ میں سینکڑوں حفاظ کی شہادت دہشتگردی کی بدترین مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے بڑا دہشت گرد ادارہ اقوام متحدہ ہے جس کا نام اقوام متحدہ کی بجائے ’’ اسلام دشمن دہشتگرد ادارہ ‘‘ ہونا چاہئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں