ساہیوال( بیورورپورٹ) سول سوسائٹی و انسانی حقوق کی تنظیموں کے عہدیدار شیخ اعجاز احمد رضا نے کہاہے کہ انتقامی سیاست کا سورج غروب ہونے میں 55دن باقی ہیں ساہیوال کی عوام سے ناانصافی ‘ظلم کا سیاہ باب ختم ہونے والا ہے ۔ عوام پوچھے گی صاف پینے کا پانی کہاں ہے ‘کس کو نوکری دی گئی ۔ ہسپتالوں میں غریبوں کو ادویات اور علاج کی سہولیات کیوں نہ دی گئیں مریض ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر مرتے رہے مسیحا کہاں تھا ۔سیوریج کا نظام ناکارہ رہاہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے عوام سے انتقامی کارروائیوں کے خلاف ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ ہر سطح پر احتجاج ریکارڈ کروائیں گے جھوٹے پرچوں کاکوئی خوف نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ عوامی شعور بیدار کیاجائے گا کہ دس سالہ دور میں عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے ہیں اور اب غریبوں کو روز گار سے محروم کیاجارہاہے ۔ خدا کے قہر کو دعوت دے رہے ہیں شہر کو مذہبی بنیادوں پر تفرقہ بازی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ اﷲ جسے منصب ‘ عہدہ اور اختیار دے تو اسے چاہئے کہ وہ اﷲ کی مخلوق کیلئے آسانیاں پیدا کرے ہم مظلوم عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے ۔
