ساہیوال: مرحوم صحافی راغب علی شاہ کی یاد میں تقریب

ساہیوال ( بیورورپورٹ)ساہیوال پریس کلب کے سابق سیکرٹری راغب علی سید مرحوم ساہیوال کی صحافت کا درخشندہ ستارہ اور روشن باب تھے ۔ انہوںنے اپنے 42سالہ صحافتی سفر میں صحافت کے اصولوں کو اپنا کر دوستوں کی عزت و توقیر میں اضافہ کیا اور مالی مشکلات کے باوجود 27سال سے ہفت روزہ اخبار شائع کرکے لوگوں کے مسائل اجاگر کرکے انہیں حل کرانے کیلئے دن رات ڈٹے رہے انہیں جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیاجائے کم ہے ۔ان خیالات کا اظہار ساہیوال پریس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ تعزیتی ریفرنس کے موقع پر صدر کلب سید شفقت گیلانی ‘ چیئرمین عزیز الحق گورایہ ‘سابق صدر چوہدری محمداسماعیل ‘ سابق چیئرمین چوہدری رشید اکمل ‘جنرل سیکرٹری وحید غنی ‘ سول سوسائٹی و تاجر راہنما شیخ اعجاز رضا ‘ ممبر پریس کلب اوصاف شیخ اور مرحوم کے صاحبزادے سید کاشف علی شاہ ودیگر نے کیا ۔مقررین نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ راغب علی سید صحافت کے ساتھ کمٹڈ تھے رات بھر مختلف اخبارات سے ملکی بقاء اور سلامتی کے حوالہ سے مطالعہ کرنا ان کا شوق تھا جو ان کا ملک اور صحافت کے ساتھ محبت کاواضح ثبوت ہے ۔مقررین نے کہاکہ صحافی دوستوں کا اکثر مرحوم کے ساتھ یہ جھگڑا رہتا تھا کہ وہ جب بھی دیکھیں اخبارات کا مطالعہ کرتے رہتے ہیں لیکن انہوںنے دوستوں کا کبھی برا نہ منایا اور وہ ہنستے رہتے اور ان کے ساتھ محبت کے ساتھ پیش آتے ۔مرحوم اکثر تقریبات میں لیٹ آیا کرتے تھے لیکن دنیا سے جانے میں انہوںنے بہت جلدی کی ۔صدر پریس کلب سید شفقت گیلانی نے کہاکہ آج ہم نے تعزیتی ریفرنس کے موقع پر ہم نے کسی سرکاری افسر کواس لئے مہمان خصوصی نہیں بلایا کہ راغب علی سید مرحوم ہی ہمارے افسر تھے ۔انہوںنے مرحوم کے صاحبزادے سید کاشف کو پریس کلب کااعزازی ممبر بنانے کا اعلان کیااور کہاکہ پریس کلب مرحوم کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہے ۔ بعدازاں مرحوم کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی و دعاکی گئی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اورلواحقین کو صبر جمیل کی توفیق دے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں