میاں صاحب سے جنگ رہے گی: آصف زرداری

گڑھی خدا بخش(ویب نیوز) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین پرسن اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب آپ سے جنگ رہے گی۔ آپ کوسیاست سے باہر کر کے دم لیں گے۔ آپ نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا ۔ صلح نہ کرنے کا فیصلہ حتمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے بخوبی معلوم ہے کہ میاں صاحب میں کتنی برداشت ہے ۔جب حکومت نہیں ہوگی تب پتہ چلے گا۔ آج ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں صاحب اس مرتبہ پنجاب میں بھی وزیر اعلی آپ کا نہیں ہوگا۔ بہت جلد پنجاب میں آئیں گے، تخت لاہورکو ہلائیں گے ۔مقابلے کےلئے تیار ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ مل کربھی حکومت بنائیں مگرآپ سے نہیں ملیں گے۔ آپ سے تب بات کریں گے جب آپ ختم ہوچکے ہوں گے۔میں نے کہا تھا کہ جب چاہوں (ن) لیگ کی حکومت گراسکتا ہوں ۔ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ نہیں لینے دوں گا ۔میاں صاحب غریبوں کا خون چوسنا اور سیاست چھوڑ دیں۔زرداری نے کہا کہ یہ سب کو لڑا کر حکومت کر رہے تھے اب خود پھنسے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان میں ان کی بے وقوفی سے آگ لگی ہوئی ہے۔ رضا ربانی کانام لے کر انہوں نے تفریق ڈالنے کی کوشش کی۔ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ نہیں جمہوریت بڑی بات ہے۔ وہ دن بھی یاد ہے جب آپ کی حکومت بچائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے نوازشریف نے اپنی آنکھیں سرپررکھیں اب ہماری باری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں