ساہیوال: کمشنر کا ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

ساہیوال ( بیورورپورٹ) کمشنر ساہیوا ل ڈویژن علی بہادرقاضی نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کی بر وقت شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تا کہ ان کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں۔تعمیراتی کاموں کی کوالٹی متعلقہ محکمے کی ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے یہ بات چک نمبر38/EBعارف والا میں سیوریج اینڈ ڈرینج سکیم کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس ‘اے سی جی اشفاق الرحمن اور ایکسیئن پبلک ہیلتھ پاکپتن وکٹر جوزف بھی موجود تھے ۔انہوں نے سکیم پر کام کے معیار کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسے جلد از جلد آپریشنل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔اس سکیم کی تکمیل سے مذکورہ دیہات کی 14ہزار سے زائد آبادی کو فائدہ پہنچے گا جس پر لاگت کا کل تخمینہ 3 کروڑ21لاکھ روپے لگایا گیا ہے اور اسے 30جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔کمشنر نے ایکسیئن پبلک ہیلتھ وکٹر جوزف کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں جاری سیوریج اور ڈرینج کی تمام سکیموں کی بر وقت تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ عوام مستفید ہو سکیں ۔ایکسیئن نے بتایا کہ ضلع پاکپتن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 31سکیموں پر کام جاری ہے جن میں 12جاری اور 11نئی سکیمیں شامل ہیں جن پر اس سال ابتک 40کروڑ 69لاکھ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں