پاک ویسٹ انڈیز پہلا ٹی ٹوئنٹی آج 8 بجے کراچی میں ہو گا

کراچی(ایس این این) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں رات 8 بجے کھیلا جائےگا۔ پاکستانی کر کٹ ٹیم طویل عرصے بعد اپنی سرزمین پر انٹرنیشنل میچ کھیلے گی.قبل ازیں زمبابوے اورسری لنکا کیخلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستان میں ہوئے تھے۔ اب طویل عرصے بعد ویسٹ انڈیز کی میزبانی کا اعزاز کراچی کو حاصل ہورہا ہے جہاں 9سال بعد بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوگی، یہاں آخری بار سری لنکا کی ٹیم آئی تھی، لاہور میں جہاں دہشت گردوں کے حملے نے پاکستان کے میدان ویران کردیے، پی ایس ایل میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے پاکستانی کرکٹرز کو اب انٹرنیشنل کرکٹ میں کیریبیئن اسٹارزکا سامنا کرنا ہے۔ گرین شرٹس اس وقت ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون ہیں تو ویسٹ انڈیز اس فارمیٹ میں عالمی چیمپئن ہے،سیکیورٹی اور دیگر وجوہات کی بناپر مہمان اسکواڈ کمزور پڑجانے کے باوجود مختلف لیگز میں تہلکہ خیز کارکردگی پیش کرنے والے کرکٹرز کسی موقع پر بھی پاکستان کو حیران و پریشان کرسکتے ہیں۔ پہلے میچ کیلیے پاکستان کی جس 12 رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا ان میں احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، سرفراز احمد(کپتان)، حسین طلعت، فہیم اشرف،محمد نواز،شاداب خان، محمد عامر اور حسن علی شامل ہیں، ان میں سے حتمی الیون کا اعلان بعد میں کیا جائے گا.

اپنا تبصرہ بھیجیں