کتاب دوست کبھی تنہائی کا شکار نہیں ہوتا: کمشنر

ساہیوال(بیورورپورٹ )کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ کتابیں انسان کی بہترین دوست ہیں اور کتاب سے دوستی کرنے والا شخص کبھی تنہائی کا شکار نہیں ہوسکتا۔کتاب کو صرف نصاب کی حد تک پڑھنے کی بجائے دل و دماغ کو ان کی شیرینی سے سکون دیکر ہی ہم ان کی افادیت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ جناح پبلک لائبریری میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سونولوجی میڈیکل لمیٹڈ لندن کے ڈائریکٹر ریاض الحق چوہدری کی طرف سے لائبریری کو کتب‘ الماریاں‘الیکٹرک واٹر کولر اور اسٹیج آڈیٹوریم کا عطیہ دیا گیا۔اس موقع پر ریاض الحق چوہدری‘چیف لائبریرین محمد طارق‘ڈاکٹر خالد محمود‘محترمہ فیروزہ بشیر‘حکیم مبشر ممتاز اورپروفیسر ارجمند قریشی کے علاوہ عوام الناس کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ زمانہ طالبعلمی سے مطالعہ حصول علم کا ایک بہترین ذریعہ ہوتا ہے اور اچھی کتب کا ذخیرہ ہی مطالعہ کی پیاس بجھا سکتا ہے جس کیلئے بہترین جگہ لائبریری ہے جہاں ہر موضوع پر اچھی سے اچھی کتابیں دستیاب ہوتی ہیں ۔انہوں نے ریاض الحق چوہدری کے اس اقدام کو معاشرے کے صاحب ثروت افراد کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے انہیں بھی اس کار خیر میں حصہ ڈالنے کی ترغیب دی اور کہا کہ یہ لوگ معاشرے کا اثاثہ ہیں۔عطیہ دہندہ ریاض الحق چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ انگلینڈ کا شہری ہونے کے باوجود پاکستان سے محبت ‘ چاہت اور عقیدت کا جذبہ ان کے خون میں شامل ہے اور مستقبل میں بھی وہ عوامی خدمت میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ چیف لائبریرین محمد طارق نے بتایا کہ 1987 میں قائم ہونیوالی یہ لائبریری 52 ہزار کتب کیساتھ آج پنجاب کی دوسری بڑی لائبریری ہے جس کے 12 ہزار سے زائد ممبرز ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں