منصفانہ احتساب ”شریفوں“ کو جیل یاترا کروائے گا: رائے حسن نواز

ساہیوال(بیورورپورٹ)بیوروکریسی نیب کی گرفت میں آئی تو کرپشن کے سرے حکمرانوں تک جائیں گے۔ بے رحم اور صحیح منصفانہ احتساب ہوگیا تو شریفوں کی کپتانی میں پوری ٹیم جیل میں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار سابق ضلعی ناظم‘سابق ممبر قومی اسمبلی اورپاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر رائے حسن نواز خاں نے ملک فیصل جلال ڈھکو ضلعی صدر کی رہائش گاہ پر اخبار نویسوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ احد چیمہ کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن کی بے چینی اور تڑپ بلاوجہ نہیں تھی۔ ذرائع کے مطابق احمد چیمہ نے نہ صرف شریفوں بلکہ مسلم لیگ ن کے اہم لیڈران بیوروکریسی کے بارے انتہائی سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔ اہم بیوروکریسی کے خلاف اگر نیب حرکت میں آگئی اور ان کا بے رحمانہ صحیح اور منصفانہ احتساب ہوگیا تو شریف فیملی ہی نہیں ان کی پوری ٹیم جیل میں ہوگی۔ رائے حسن نواز نے کہاکہ شرافت کا ڈھول پیٹنے والوں اور ان کے حواریوں کے اصل چہرے اب عوام کے سامنے آنے ہی والے ہیں۔ جوں جوں احتساب عدالت کے فیصلے کا وقت نزدیک آرہاہے نوازشریف انکی صاحبزادی اور چیلوں کے لہجے کی کڑواہٹ کم ہورہی ہے لیکن وہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں کہ خدا کی بے آواز لاٹھی ان کے سرپر پڑنے والی ہے۔ بہت جلد ان کے گریباں پر عوام کے ہاتھ ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں