ساہیوال میں یوم پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب

ساہیوال(ایس این این ) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ پاکستان کی حفاظت اور اسے ترقی یافتہ ملک بنانا ہر شہری کا فرض ہے اور ہمیں چاہیے کہ اپنی ذمہ داریاں اور فرائض دیانت داری سے ادا کریں ۔ انہوں نے یہ بات یوم پاکستان کے حوالے سے ظفر علی سٹیڈیم میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ جس میں کمشنرساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی، آر پی او طارق رستم چوہان ، ڈپٹی کمشنر شوکت علی کھچی، ڈی پی او ڈاکٹر عاطف اکرام، چیئرمین پی ایچ اے حاجی احسان الحق ادریس ، اراکین اسمبلی چوہدری محمد اشرف اور محمد ارشد ملک ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خاور شہزاد، یونین کونسلز کے اراکین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیوں سے معرض وجود میں آیا ہے۔ جس کو نقصان پہنچانے کے لئے تمام ملک دشمن قوتیں متحد ہو چکی ہیں اور ان کا مقابلہ بھی اتحاد اور یگانگت سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہ کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور اسے فلاحی اسلامی ملک بنانے کے لئے کام کیا ہے اور اگلے انتخابات میں عوام کی طاقت سے کامیابی کے بعد ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ گمراہ عناصر کے پراپیگنڈہ کاشکار نہ ہوںاور متحد ہو کر ملک کی ترقی کے لئے کام کریں۔ تقریب میںسکول کے بچوں نے ملی نغمے ، ٹیبلو اور تحریک پاکستان کی مناسبت سے خاکے بھی پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔تقریب میں پولیس ،ایمرجنسی سروسز،جیل خانہ جات اور سول ڈیفنس کے دستوں قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں