کمشنر کی ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

ساہیوال(بیورورپورٹ)کمشنرساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی سخت ہدایت کرتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔وہ یہاں اپنے دفتر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے ہونے والے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈی سی ساہیوال شوکت علی کھچی‘ڈی سی پاکپتن راجہ منصور احمد‘ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم کے علاوہ متعلقہ محکموں کے ڈویژنل اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔انہوں نے زیر تعمیر سڑکوں سے گردو غبار سے عوام کو پریشانی اور سانس کی بیماریوں سے بچانے کیلئے ان پر پانی کا مسلسل چھڑکاؤ کرنے کی ہدایت کی۔انہو ں نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں نئے بلاک کی تعمیر کے کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور محکمہ بلڈنگ کوہدایت کی کہ اس اہم عوامی منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تا کہ اسے بروقت مکمل کیا جا سکے۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس نے بتایا کہ موجودہ مالی سال کے دوران ساہیوال ڈویژن کے ترقیاتی پروگرام کیلئے پنجاب حکومت نے 13ارب 30کروڑ روپے کے خطیر فنڈز مختص کئے ہیں جن میں سے 10ارب 58کروڑ82لاکھ روپے جاری کئے جا سکے ہیں اور ابتک 7ارب سے زائد رقم 715منصوبوں پر خرچ ہو چکی ہے جن میں سے 173منصوبے جاری اور 542نئے منصوبے شامل ہیں۔کمشنر نے سرکاری سکولوں میں کمپیوٹر لیب کی تعمیر کا جائزہ لیتے ہوئے ان کیلئے کمپیوٹرز کی خریداری کے عمل کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو کہا کہ وہ کمپیوٹرز کی خریداری کو مانیٹر کریں تا کہ اسے جلد مکمل کیا جاسکے۔ایس ای ہائی وے نے اجلاس کو بتایا کہ ڈویژن بھر میں سڑکوں کی تعمیر کے زیادہ تر منصوبے مکمل ہونیوالے ہیں اور صرف تار کول کا کام باقی ہے جو موسم بہتر ہونے میں مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر زیر تعمیر منصوبے محکمہ بلڈنگ سے متعلق ہیں لہذا ایس ای بلڈنگ تمام منصوبوں کی بروقت تعمیر یقینی بنائیں اور ان پر کام کو تیز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں