میونسپل افسران ٹیکس ریکوری کا ہدف پورا کریں:‌مئیر ساہیوال

ساہیوال(بیورورپورٹ) میئر ساہیوال اسد علی خان بلوچ نے میونسپل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹیکس ریکوری کا اہداف پورا کرنے کیلئے اپنی کارکردگی کو بہتربنائیں اور 30 جون تک ٹارگٹ کو ہر صورت مکمل کریں۔ واٹر ریٹ‘سیوریج ٹیکس‘رینٹ فارشاپس ولینڈ‘ سبزی منڈی اور لائسنس فیس کی وصولی 100فیصد یقینی بنائی جائے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے انچارج واٹر ریٹ نذیرا حمد بھٹہ کو ہدایت کی کہ سمال انڈسٹری سے وصولی واٹر ریٹ اور سیوریج ٹیکس کی فوری ریکوری کی جائے۔ انہوں نے انچارج رینٹ فار شاپس شہزاد حسین کو ہدایت کی کہ بلدیہ کی تمام دکانوں کی مکمل تفصیل دی جائے اور کرایہ میں اضافہ کیلئے تجاویز دیں ا ورعدالتوں میں جمع ہونے والے کرایہ کی میونسپل فنڈز میں منتقلی کے لئے کارروائی کی جائے۔ انہوں نے انچارج لائسنس فیس رانا نصیر احمد کی انتہائی کم وصولی پر نوٹس لیا اور کہاکہ وصولی بہتر کی جائے اور فیس میں کمی کیلئے تجاویز دی جائیں۔ انہوں نے میونسپل آفیسر فنانس کو پی ایف سی گرانٹ 4ماہ سے نہ آنے پر انہیں خط لکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے انچارج ریگولیشن برانچ اشفاق احمد کو بس سٹینڈ ریلوے روڈ کی بہتری کیلئے تجاویز دینے اور ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال روڈ پر ایمبولینس ترتیب سے لگوانے کی ہدایت کی جبکہ شمس الحق کوچوک مہاجرین مسجد سے تجاوزات ہٹانے اور صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں