ساہیوال: صاف پانی سمیت 331 ترقیاتی منصوبے مکمل

ساہیوال(ایس این این) لوکل گورنمنٹ ترقیاتی پیکج کے تحت ساہیوال ڈویژن میں 551 میں سے 331 سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جن میں زیادہ تر کا تعلق پینے کے صاف پانی فراہمی،سیوریج اور سڑکوں کی تعمیر سے ہے تا کہ عام آدمی کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔86 کروڑ 35 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے شروع اس پروگرام کے تحت باقی جاری منصوبے بھی 15 اپریل تک مکمل کر لیے جائیں گے۔یہ بات کمشنر آفس میں ہونیوالے ایک اجلاس میں بتائی گئی جس میں پروگرام پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کی جبکہ اس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ ڈاکٹر ارشاد احمد،ڈپٹی کمشنر پاکپتن راجہ منصور احمد،اے ڈی سی ساہیوال قدیر احمد باجوہ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قاری خالد نذیر اور ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس کے علاوہ متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔کمشنر نے تمام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جاری منصوبے 15 اپریل تک مکمل کیے جائیں تا کہ اس پروگرام سے عوام جلد مستفید ہو سکیں۔انہوں نے منصوبوں پر کام کے معیار کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہاکہ جاری منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قاری خالد نذیر نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 26 کروڑ65 لاکھ روپے کی لاگت سے 133 سکیموں میں سے 101 مکمل ہو چکی ہیں۔اسی طرح ضلع اوکاڑہ میں 42 کروڑ روپے سے 280 میں سے 138 جبکہ ضلع پاکپتن میں 17 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے 138 سکیموں میں سے 92 مکمل ہو چکی ہیں۔کمشنر علی بہادر قاضی نے صاف دیہات پروگرام کے تحت ڈویژن کے تمام دیہات میں صفائی کے انتظامات کا ٹھیکہ منظور شدہ کمپنیوں کو فوری دینے کی بھی ہدایت کی تا کہ دیہات کی صفائی کا مستقل بندوبست ہو سکے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس پروگرام کی منظوری دے دی ہے اور درکار فنڈز بہت جلد اضلاع کو ٹرانسفر کر دیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں