غیر قانونی سروس سٹیشن کی شکایت کرنے پرشہری کا مکان سِیل

ساہیوال(بیورورپورٹ) سیل شدہ غیر قانونی سروس اسٹیشن کے خلاف سیل توڑنے پر مقدمہ درج نہ ہو سکا‘سروس اسٹیشن کے خلاف درخواست گزارشہری کے خلاف الٹا کارروائی‘ اہل خانہ کو یرغمال کرکے مکان سیل‘بعدازاں تالے تڑوادیئے۔تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن میں غیر قانونی سروس اسٹیشن کانکاسی آب نہ تھا اور پانی کا اخراج باہر گلی میں ہوتا تھا جسکے باعث وہاں کے مکین پریشان تھے۔ اہل علاقہ محمدرفیق‘عمر فاروق وغیرہ 9/10افراد نے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی اور ڈپٹی کمشنر نے ضلع کونسل کے افسران کو کارروائی کا حکم دیا۔ متعلقہ برانچ ضلع کونسل نے کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات گراتے ہوئے مٹی اٹھادی اورمذکورہ سروس اسٹیشن سیل کردیا لیکن اسٹیشن مالک نے سیل توڑ دی جس پر ضلع کونسل کے انفورسٹمنٹ انسپکٹر نے تھانہ غلہ منڈی میں درخواست تو دے دی لیکن تھانہ میں جانے سے گریزاں رہے جس کی وجہ سے مقدمہ درج نہ ہو سکا۔آج ضلع کونسل کے افسر نے الٹا محمدرفیق وغیرہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دومکان سیل کردیئے حالانکہ محمدرفیق کا اہل خانہ گھرمیں موجود تھا جب صحافیوں کو اس بارے علم ہوا تو ان کے جانے سے قبل متعلقہ آفیسر نے اپنا ڈرائیور بھجوا کر دونوں تالے تڑوادیئے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں