ساہیوال: ای روز گار ٹریننگ کے شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم

ساہیوال(بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے اور صرف وہی ملک ترقی کر رہے ہیں جنہوں نے نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دی اور انہیں چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار کیا۔نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ خود روز گار کے مواقع پیدا کریں تا کہ ملازمتیں تلاش کرنے کی بجائے وہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔انہوں نے یہ بات کامسیٹ یونیورسٹی میں ای روز گار ٹریننگ کے دوسرے بیج کے کامیاب ہونے والے نوجوانوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر کامسیٹ ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت اور پی آئی ٹی بی کے مینجر ہیومن ریسورس اطہر آصف بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ای روز گار کا منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے اس ویژن کا آئینہ دار ہے جو وہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دیکر ایسے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ خود روز گار کیساتھ ساتھ ملک کو جدید ٹیکنالوجی سے بھی ہمکنار کریں۔انہو ں نے کہا کہ موجود ہ دور میں نئے آئیڈیاز کی ہی اہمیت ہے اور وہی زیادہ سے زیادہ کما سکتا ہے جو نئے آئیڈیاز سے اپنے کاروبار سے وسعت دے۔ انہو ں نے سرٹیفکیٹس حاصل کرنے والے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علم کو دوسروں تک بھی پہنچائیں تا کہ وہ نوکریاں ڈھونڈنے کی بجائے اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کامسیٹ ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت نے بتایا کہ کامسیٹ یونیورسٹی کا شمار پاکستان کی پہلی پانچ بڑی یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے جہاں طلبا و طالبات کو تحقیق کرنے کے یکساں مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔کامسیٹ ساہیوال میں ای روز گار سنٹر کے قیام سے یہاں سے تعلیم مکمل کرنے والے طلبا و طالبات نئی ٹیکنالوجی کی بدولت اپنا کاروبار خود شروع کرنے کے قابل ہوں گے۔انہو ں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ کامیابی کی کوئی انتہا نہیں اور وہ مسلسل محنت سے زیادہ اہم مقام تک پہنچ سکتے ہیں۔تقریب کے آخر میں ای روز گار ٹریننگ کے 89کامیاب طلبا و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے جنہوں نے تین ماہ کی ٹریننگ کے دوران ہی اپنی تربیت سے 8ہزار ڈالر کما لئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں