نواز شریف کو اداروں سے محاذ آرائی نہیں‌کرنی چاہیے: نثار

ٹیکسلا(ایس این این) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی اس موقف پر قائم ہیں کہ مسلم لیگ کو عدلیہ اور اداروں سے محاذ‌آرائی نہیں کرنی چاہیے. میں یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہوں کہ مسلم لیگ کا بیانیہ کیا ہے؟ نواز شریف کو فصلی بٹیروں سے دور رہنا چاہیے جو انھیں سیاسی خودکشی کی طرف لے جا رہے ہیں. نواز شریف کو ریلیف صرف عدالت ہی سے مل سکتا ہے اس لیے انھیں قانونی اور آئینی راستا اپنانا چاہیے. ان کا کہنا تھا کہ میرا مقصد اصلاح ہے میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنا رہا نہ راستے جدا کر رہا ہوں. جوتے کی سیاست قابل مذمت ہے تا ہم مسلم لیگ (ن) کو اپنا موقف واضح کرنا ہو گا کہ وہ محاذ آرائی چاہتی ہے یا ملک میں افہام و تفہیم سے سیاسی مسائل کے حل کے لیے قانونی راستا اپنانا چاہتی ہے. چوہدری نثار نے کہا کہ میرے انتخاب لڑنے سے قبل میرے حلقے میں ہماری پارٹی کی ضمانتیں ضبط ہوتی تھیں جو لوگ مجھے الیکشن سے باہر کرنا چاہتے ہیں انھیں یہ بات پیش نظر رکھنی چاہیے کہ مسلم لیگ کی بنیادوں میں میری جدو جہد کا جوہر شامل ہے. میں پارٹی سے اختلاف رائے کا حق رکھتا ہوں مگر یہ اختلاف ذاتی نہیں میں اپنا اصولی موقف اپنائے رکھوں‌گا.

اپنا تبصرہ بھیجیں