اسلامیات کی کتاب میں غلطی ، جماعت اسلامی کا اظہار تشویش

ساہیوال (بیورورپورٹ) جماعت اسلامی کے راہنماؤں ڈاکٹر طاہر سراج‘اے ڈی چوہدری اور آصف محمود کمبوہ نے جماعت پنجم کی اسلامیات کی کتاب میں نبی کریم ؐ کے فرمان کو مشہو ر قول کے طورپر درج کرنے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیاہے اور کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اب درسی نصاب کی کتب میں بھی جان بوجھ کر ایسے اقدامات اٹھارہی ہے جس سے مسلمانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ایک ملاقات میں انہوں نے کہاکہ سال 2017 میں شائع ہونیوالی پنجم کی اسلامیات کی کتاب میں صفحہ نمبر8پر نبی کریم ؐ کا فرمان ہے ”دنیا آخر ت کی کھیتی ہے“ جسے سال 2018 میں مذکورہ کتاب کے صفحہ نمبر8پر نبی کریم ؐ کے فرمان کو تبدیل کرکے ”مشہور قول ہے“ درج کردیاگیا ہے جس پر حکومت پنجاب کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اب نصابی کتب میں اس طرح کی تبدیلی سے مسلمانوں کے دینی جذبات مجروح کئے جارہے ہیں جس کی سمجھ نہیں آتی کہ حکمران کیا کرناچاہتے ہیں۔ا نہوں نے مطالبہ کیا کہ تبدیلی کے محرکات کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں