ساہیوال: تعلیمی اداروں کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے: ڈی پی او

ساہیوال (بیورورپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عاطف اکرام نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر خفیہ اداروں کی طرف سے موصول ہونیوالے تھریٹ الرٹس کو مد نظررکھتے ہوئے اہم تنصیبات و مقامات‘ تعلیمی اداروں‘عبادتگاہوں اور غیر ملکی افراد کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں اورنیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے گھیراتنگ کیاجائے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پولیس افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ضلع بھر کے ایس ڈی اوز اور ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ کومبنگ وسرچ آپریشنز اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز دیگر خفیہ اداروں کے تعاون کے ساتھ موثر طریقہ سے جاری رکھے جائیں اور شر انگیز تقاریر‘ پمفلٹس کی تقسیم‘وال چاکنگ‘لاؤڈ سپیکر پر پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہوائی فائرنگ کرنیوالوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی اور اسلح کی نمائش پر مکمل پابندی کو یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات فروخت کرنیوالوں اور قحبہ خانہ‘پرچی جواء جیسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔ پولیس کے آن لائن سسٹم میں تمام خطرناک ملزمان کا ریکارڈ اپ ڈیٹ اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری مہم میں تیزی لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں