ساہیوال: 438 طلبا کو لیپ ٹاپ دینے کی منظوری

ساہیوال (ایس این این)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے تکنیکی وجوہات کی وجہ سے لیپ ٹاپ وصول نہ کر سکنے والے ساہیوال ڈویژن کے 438 ذہین طلبہ وطالبات کو تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اس سلسلے میں سفارشات محکمہ ہائر ایجوکیشن کو بجھوادی ہیں۔واضع رہے کہ دسمبر میں ساہیوال بورڈ کے میٹرک امتحانات 2015،2016اور2017میں اعلی نمبرحاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے تاہم 438طلبہ وطالبات مختلف وجوہات کی وجہ سے لیپ ٹاپ نہ لے سکے جن کے معاملات کو حل کرنے کے لئے 4رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے کنوئیر کمشنر ساہیوال اورسیکرٹری ڈائریکٹر کالجز تھے جبکہ دوسرے ممبران میں ایڈیشنل آئی جی (ریٹائرڈ)مبارک اطہراور معروف ماہر تعلیم پروفیسر قمر زمان خان شامل تھے۔کمیٹی نے کیسز کا جائزہ لے کر تمام 438طلبہ طالبات کو لیپ ٹاپ وصول کرنے کا اہل قرار دے دیا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ زیادہ تر طلبہ وطالبات تاریخ پیدائش اور ناموں کے فرق کی وجہ سے لیپ ٹاپ نہیں لے سکے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں