ساہیوال: ”پاکستانی خواتین اور عصری تقاضے“ کے موضوع پر سیمینار

ساہیوال(ایس این این)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ خواتین اپنی معاشرتی اقدار کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر شعبے زندگی میں آگے آئیں اور ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں کیونکہ ملک کی نصف آبادی کو شامل کئے بغیر پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا -انہوں نے یہ بات جناح ہال میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر”پاکستانی خواتین اور عصری تقاضے“ کے عنوان سے ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمائندہ خواتین نے شرکت کی -سیمینار کا اہتمام ساہیوال آرٹس کونسل نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے تعاون سے کیا جس میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سید عملدار شاہ،ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی اور یونیورسٹی آف ساہیوال کے شعبہ سائیکالوجی کی سربراہ میڈیم طیبہ نے بھی شرکت کی -انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے بین الاقوامی سطح پر ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی مناسب حوصلہ افزائی کی جائے -انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کریں تا کہ وہ معاشی خود انحصاری کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں -انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی ایک بیٹی نرگس ملاوی امریکہ کے خلائی ادارے ناسا میں ایک اہم عہدے پر فرائض سر انجام دے رہیں ہیں جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں -انہو ں نے بتایا کہ پنجاب حکومت عورتوں کے تحفظ کو بہت اہمیت دے رہی ہے اور تمام ملازمتوں میں 15فیصد کوٹہ مختص کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اوپن میرٹ پر بھی منتخب ہونے کا موقع فراہم کیا جاتاہے -انہوں نے کہا کہ خواتین کو جائیداد میں حصہ فراہم کرنے ریونیو ایکٹ میں تبدیلی کی گئی تا کہ وراثتی انتقال میں خواتین کو پورا حصہ مل سکے جبکہ ان کی ترقی کے لئے وویمن ڈویلپمنٹ کا علیحدہ محکمہ بھی بنایا گیاہے -ا س موقع پر صنعت زار میں کام کرنے والی خواتین کے فن پاروں کی نمائش بھی لگائی گئی ہے جسے کمشنر علی بہادرقاضی نے بے حد سراہا -تقریب کے اختتام پر پوسٹر سازی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں -تیسری پوزیشن سارنیہ شفیع،دوسری پوزیشن عاصمہ نواز احمد اور سمیع حسن جبکہ پہلی پوزیشن گورنمنٹ کالج برائے خواتین فرید ٹاؤن کی نمرہ اصغر نے حاصل کی –

اپنا تبصرہ بھیجیں