ساہیوال: ماں اور بچہ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

ساہیوال ( بیورورپورٹ)آئی آر ایم این سی ایچ کے ڈسٹرکٹ کوارڈنیٹر ڈاکٹر نعیم عطا نے کہا ہے کہ ایک ہزار میں سے 94 بچے اپنی پانچویں سالگرہ سے قبل فوت ہو جاتے ہیں جبکہ بہت سے بچے ایسی بیماریوں کا شکار ہو تے ہیں جنہیں غذائی کمی‘حفاظتی ٹیکوں اور ضروری احتیاط سے موت کے منہ میں جانے سے بچایا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں ہفتہ صحت ماں اور بچہ کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم‘سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا اور سوشل موبلائزر خالد رانجھا کے علاوہ ڈاکٹر‘لیڈی ہیلتھ ورکرز کمیونٹی مڈ وائفس سمیت ہیلتھ آفیشلز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ 19 سے 24 فروری تک جاری رہنے والے اس ہفتے میں 2 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو گھر گھر جاکر حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کروایا جائے گاجبکہ فیملی پلاننگ کے مشورے اور مفت ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حاملہ خواتین کو تشنج سے بچاؤ کے ٹیکے بھی لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ہفتے میں 2 سے 5 سال کی عمر کے بچوں میں غذائی کمی کی جانچ کیلئے ٹیسٹ کئے جائیں گے اور ملٹی وٹامن دوائیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ 1425 لیڈی ہیلتھ ورکر ز اور کمیونٹی منڈ وائفس پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو روزانہ ہیلتھ ایجوکیشن سیشن منعقد کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں