ساہیوال: کمشنر کااراضی سنٹر پر عوامی مسائل کا نوٹس

ساہیوال(بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے اراضی ریکارڈ مراکز پر عوام کو در پیش مشکلات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تما م اسسٹنٹ کمشنرز کو مراکز کا باقاعدگی سے دورہ کرنے اور عوامی مشکلات کو حل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ وہاں عوام کو ضروری سہولیات خصوصا پینے کے پانی کی فراہمی‘سائے کا انتظام اور بیٹھنے کی جگہ کا مناسب بندوبست یقینی بنایا جائے۔انہو ں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں ریونیو افسران کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنرز شوکت علی کھچی‘ارشاد احمد اور منصور احمد‘ایڈیشنل کمشنرز محمد رفیق اور میاں محمد جمیل اور اسسٹنٹ کمشنرز ریونیو محمد ارشد وٹو کے علاوہ تمام اسسٹنٹ کمشنر ز نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اربوں روپے خرچ کر کے تمام صوبے کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر دیا ہے تا کہ عوام کی ملکیتی اراضی کا تحفظ کیا جا سکے۔ان اراضی مراکز پر لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن میں تمام نادرا مراکز سے فرد کے اجراء کی سہولت فراہم کرنا۔بڑے قصبات تک سٹیلائٹ سٹینڈ کا قیام بھی شامل ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وقت کیساتھ ساتھ ان مراکز کی کارکردگی بھی بہتر اور یہ منصوبہ کامیاب ہو گا۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز پر زور دیا کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو افسران کا عدالتوں میں کوئی مقدمہ ایک سال سے زائد عرصہ تک قابل سماعت نہ رہے اور فوری فیصلہ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں