96 نائن ایل میں گرلز سکول کی اپ گریڈیشن مکمل

ساہیوال (بیورورپورٹ) ممبر صوبائی اسمبلی حاجی محمد ارشد ملک نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل مسلم لیگ ن کی حکومت کا نصب العین ہے اور خدمت کی سیاست کا یہ سلسلہ آئندہ انتخابات کے بعد بھی جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں چک نمبر 96/9-L میں گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول کی ہائی لیول میں اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مخدوم امجد سپرا‘یو سی چیئر مین غلام حسین‘حافظ علی رضا‘شریف آرائیں اور سلمان خان مردانہ کے علاوہ طلبا ء و طالبات‘والدین اور علاقے کے لوگوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام اس امر کا غماز ہیں کہ مسلم لیگ ن کھوکھلے نعروں کی بجائے عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کی بہتر سہولتیں صوبے کے دور دراز علاقوں تک بہم پہنچا رہی ہے لیکن اس کے مثبت اثرات سے مستفید ہونے کیلئے شہریوں کا بھی فرض ہے کہ وہ مستقبل کے معماروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے انہیں اسکول بھیجیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے دروازے اپنے ووٹرز کے ساتھ ساتھ مخالفین کیلئے بھی ہمہ وقت کھلے ہیں اور ہرآنیوالے کو خندہ پیشانی سے خوش آمدید کہا جائے گا۔واضح رہے کہ گرلز سکول کی اپ گریڈیشن سے علاقے کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے کیونکہ نزدیک بچیوں کا کوئی اسکول نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔قبل ازیں جب ایم پی اے محمد ارشد ملک افتتاح کیلئے گاؤں میں پہنچے تو اہل علاقہ نے ان کا فقید المثال استقبال کیا۔منوں کی تعداد میں ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں