تاخیر سے مقدمے درج کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا: ڈی پی او

ساہیوال (بیورورپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عاطف اکرام نے کہاہے کہ انصاف کی فراہمی اور میرٹ پر تفتیش اولین ترجیح ہے۔ افسران تفتیش کے عمل کو شفاف بنائیں۔تاخیر سے مقدمات کا اندراج کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔اپنے دفترمیں اخبارنویسوں اور پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تھانوں کی سطح پر سائلین کی داد رسی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اندراج مقدمہ ہر شخص کا بنیادی حق ہے اسلئے۔ وقوعہ کی صورت میں فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے۔ تاخیر سے مقدمہ درج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر‘ عادی مجرمان‘ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں‘ منشیات فروشوں اور اشتہاری مجرمان کے خلاف زیادہ سے زیادہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز اپنی نگرانی میں تھانہ ریکارڈ کی تکمیل کروائیں۔ تھانہ میں صفائی ستھرائی کا خیال رکھا جائے اور تھانہ میں آنے والے سائلین کی داد رسی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں