ڈاکٹر ز اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں: ڈی سی ساہیوال

ساہیوال ( ایس این این )ڈپٹی کمشنر شوکت علی خان کھچی نے کہا ہے کہ نادار اوردکھی انسانیت کی خدمت ہمارا سب سے اہم فریضہ ہے جسے احسن طریقے سے ادا کر کے ہم دنیا و آخرت میں کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کے اچانک دورے کے دوران ڈاکٹرز اور مریضوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے اور ڈاکٹرز و سٹاف کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں تا کہ غریب اور نادار لوگوں تک اس کے ثمرات پہنچائے جا سکیں ۔انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال میں آنیوالے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی سختی سے یقینی بنائیں ۔ڈپٹی کمشنر شوکت علی خان کھچی نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں مہیا کردہ سہولیات کا معائنہ کیا ۔انہوں نے صفائی ، سیکورٹی اور ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بائیو میٹرک حاضری کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ڈاکٹرز اور سٹاف ہسپتال کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں ۔انہوں نے ہسپتال میں زیر تعمیر نئی بلڈنگ کا بھی معائنہ کیا اور ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تعمیراتی کام کی نگرانی کریں تا کہ معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں