ساہیوال: جہازگراؤنڈ،پتنگ بازی پر جھگڑا. ڈنڈوں‌، سوٹوں کا استعمال

ساہیوال(ایس این این) پتنگ بازی پر جھگڑے کی وجہ سے جہاز گراؤنڈ ساہیوال کی گلی نمبر 9 میدان جنگ بن گئی. دو گروہوں کی ہاتھا پائی، اینٹوں، ڈنڈوں سے مسلحہ افراد نے گھر پر پتھراؤ کیا. 15 پر فون کرنے کے باوجود پولیس نہ پہنچی. اہل محلہ دیر تک گھروں میں محصور رہے. تفصیلات کے مطابق عباس نامی نوجوان نے ڈور پکڑنے پر گلی نمبر 9 کے رہائشی نوشاد مسیح کو منع کیا اور اسے تھپڑ رسید کیے.جس پر نوشاد اور اُس کے ساتھی مشتعل ہو گئے اور انھوں نے عباس کو زدکوب کیا. بعد ازاں عباس عرف باسا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آیا اور ڈنڈوں، سوٹوں اور اینٹوں سے نوشاد کے گھر پر حملہ کر دیا.عباس کے ساتھیوں کی جانب سے گھر پر پتھراؤ بھی کیا گیا. کئی پتھر پڑوسیوں کے گھروں میں بھی گرے. اہل محلہ کے مطابق انھوں نے پولیس کو کال کی مگر پولیس دیر تک نہ آئی. پتنگ بازی کے خلاف کارروائی کرنے والی ایک پولیس وین تھانے کے ٹاؤٹوں سے مل کر رخصت ہو گئی. جہاز گراؤنڈ میں دن بھر سر عام پتنگ بازی ہوتی رہی . حکومتی پابندیوں کے دعوے صرف دعوے ہی رہے. اہل محلہ کے مطابق گلی نمبر 9 میں اکثر لڑئیاں ہوتی رہتی ہیں. گزشتہ برس یہاں ہوائی فائرنگ بھی معمول تھی پولیس کے کئی ٹاؤٹ بھی یہاں پولیس کی آشیر باد سے لڑنے والوں میں صلح کر وا کے کمیشن کھاتے ہیں. اہل محلہ نے ڈی پی او ساہیوال سے ایکشن لینے کی درخواست کی ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں