ساہیوال: گورنمنٹ کالج میں یوم یکجہتی کشمیر پر تقریب

ساہیوال (ایس این این )کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھر پور حمایت کی ہے اور ان کے نصب العین کے حصول تک سفارتی ،اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رہے گی -بھارتی فوج کے ظلم و ستم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتے -95ہزار سے زائد قربانیاں دے کر کشمیریوں نے اپنے خون سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے حق خود ارادیت کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے -وہ یہاں گورنمنٹ کالج میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام ساہیوال آرٹس کونسل نے کیا تھا -تقریب میں کالج پرنسپل پروفیسر اخلاق حسین ،ڈائریکٹر ساہیوا ل آرٹس کونسل سید ریاض ہمدانی ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز بلال اشرف باجوہ ،اسسٹنٹ کمشنر جنرل اشفاق الرحمن خان اور پروفیسر عمران جعفر کے علاوہ اساتذہ اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی -انہوں نے کہا کہ وقت آن پہنچا ہے کہ عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی تاریخی نا انصافی کا ازالہ کرے اور بھارت پر زور ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے اور انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی آزادی دے -انہوں نے کہا کہ کشمیر تاریخی ،ثقافتی ،جغرافیائی اور لسانی لحاظ سے پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیری اور پاکستان ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں جنہیں کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی -کمشنر علی بہادر قاضی نے کہا کہ دنیا کی تاریخ ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ آزادی کے جذبے کو ظلم و ستم سے دبایا نہیں جا سکتا اور مظلوم قوتوں کو آزادی دے کر ہی پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے -انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کی اور آئندہ بھی اس حمایت میں کوئی کمی نہیں آئے گی -سیمینار سے پروفیسر عمران جعفر نے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ پر امن کشمیریوں کے حقوق کو سلب کرنا انگریز حکومت کی سازش تھی تا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن قائم نہ ہو سکے -سیمینار میں نظامات کے فرائض نائلہ رزاق نے ادا کئے جس میں طلبا و طالبات نے کشمیری نغمے بھی پیش کئے –

اپنا تبصرہ بھیجیں