ساہیوال: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے پولیو مہم ناکام قرار

ساہیوال(بیورورپورٹ) قومی پولیوڈے پرمحکمہ صحت کی ناقص کارکردگی‘ ڈبلیو ایچ او نے اسسمنٹ سروے کے بعد فیل قراردے دیا ‘ 2یونین کونسلوں میں 10 بچوں کو قطرے نہ پلائے گئے یاان کی انگلیوں پرنشان نہ لگائے گئے۔ تفصیلات کے مطابق چندروزقبل قومی پولیوڈے مہم کے دوران ضلع بھر میں بچوں کوپولیو کے قطرے پلائے گئے‘ مہم کے اختتام پر ڈبلیو ایچ او کی طرف سے اسسمنٹ سروے کیاگیا تو LQAS فیل ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈبلیو ایچ او کےمانیٹر ڈاکٹرنیاز یونین کونسل نمبر 3 اوریونین کونسل نمبر 20 میں کارکردگی جانچنے کیلئے گئےتو قومی پولیو مہم دونوں یونین کونسلوں میں 10 ایسے بچے ملے جنہیں یاتوقطرے نہ پلائے گئے یا ان کی انگلیوں پر نشان نہ لگائے گئے جو ضلعی مینجمنٹ کی ناقص پالیسی کانتیجہ ہے۔ WHO کی رپورٹ کے بعد محکمہ صحت ساہیوال نے دونوں کونسلوں میں سویپ کیا تو 42ایسے بچوں کوقطرے پلائے گئے جو مہمان ‘نئی پیدائش اور سابقہ مہم میں نہ ملنے والے 10 بچے بھی شامل تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ صحت ساہیوال کے افسران خودوزٹ نہیں کرتے اوراپنی سیٹوں پر بیٹھ کر وزٹ ڈالتے ہیں جس کے باعث عملہ کی کارکردگی متاثرہوتی ہے جبکہ افسران کاہیلتھ ورکرز سے مال اکٹھا کرنے کا ٹارگٹ رہتاہے۔ اس سلسلہ میں جب چیف ایگزیکٹو آفیسر ساہیوال ڈاکٹرمشتاق سپرا سے فون پررابطہ کیاتوانہوں نے فون سننا گورانہ کیا۔ مختلف حلقوں نے ڈبلیو ایچ او کی طرف سے LQAS فیل ہونے پر تشویش کااظہار کیا اورکہاہے کہ اگر دوکونسلوں میں 42 بچوں کوقطرے نہیں پلائے گئے تودیگرکونسلوں میں بھی ایسے سینکڑوں بچے ہونگے جنہیں قطرے نہیں پلائے گئے۔ شہریوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں