ملک بھر میں 6 اعشاریہ 2 شدت کا زلزلہ

ساہیوال (ایس این این) ساہیوال، سلام آباد،لاہور سمیت خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی. زلزلے سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور اونچی عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ ٹی وی رپورٹس کے مطابق ساہیوال، اسلام آباد، گوجرانوالہ، کامونکی،شیخوپورہ،قصور ، کوٹلی،راولا کوٹ،مظفر آباد،میر پور آزاد کشمیر, پشاور، ملتان، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلے سے بلوچستان کے شہر لسبیلہ میں زلزلے سے بیلہ کے علاقے میں ایک اسکول کی چھت گر گئی جس سے ایک بچی کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ ایک گھر کی چھت گرنے کی بھی اطلاعات ہیں جہاں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اور اس کا مرکز افغانستان کا صوبہ بدخشاں میں کوہ ہندوکش تھا، جبکہ اس کی گہرائی 178 کلومیٹر تھی۔
اسلام آباد میں زلزلے کے باعث سپریم کورٹ میں کیسز کی سماعت کے دوران وکلا اور دیگر افراد عدالت سے باہر آگئے، جبکہ پارلیمنٹ میں صنعت و پیدوار کمیٹی کے اراکین اجلاس میں موجود تھے جو زلزلے کے باعث خوف سے باہر آگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے جھٹکے تین سے چار سیکنڈ تک محسوس کیے گئے تاہم ان کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں سُپر بلیو بلڈ مون‘ ہو گا اور ماہرین کے مطابق جب بھی سپر مون ہوتا ہے تو زمین پر چاند کی کشش بے پناہ بڑھ جاتی ہے جس کے سبب اس قسم کے واقعات پیش آنے کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔ ساہیوال اورگردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ‘ دن کے 12بجے کے قریب اچانک جھٹکے محسوس ہونے لگے توگھروں اور دکانوں میں بیٹھے افراد باہرنکل آئے اور کلمہ طیبہ کاورد کرتے رہے۔ زلزلہ کے نتیجہ میں ساہیوال اورگردونواح میں سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں