کوئٹہ: سگے بھائی نے بہن کو زیادتی کے بعدقتل کر ڈالا

کوئٹہ: زمیں پھٹی نہ آسمان گرا،کوئٹہ کے نواحی علاقے میں سگے بھائی نے کم سن بہن کو زیادتی کے بعد قتل کر ڈٍالا. تفصیلات کے مطابق کلی اسماعیل کے علاقے میں کم سن طیبہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے الزام میں لڑکی کے سگے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا جس نے اقبال جرم کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل میں اتوار کو 13 سالہ طیبہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے رحمی کے ساتھ قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معصوم طیبہ کو اس کے اپنے ہی بھائی نے زیادتی کرکے قتل کیا جس نے اپنے اس گھناؤنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم عمران کے موبائل ریکارڈ سےحاصل کی جانے والی گفتگو کے بعد اسے گرفتار کیا گیا، جب کہ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی بنائی جائے گی۔گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل میں 13 سالہ بچی نیم بے ہوشی کی حالت میں کچرے کے ڈھیر سے ملی تھی، امدادی ادارے نے بچی کو فوراً سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا تھا تاہم بچی اسپتال پہنچتے ہی جاں بحق ہوگئی تھی۔ ڈاکٹرنے معصوم طیبہ کے ساتھ زیادتی اور تشدد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ حتمی رپورٹ پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی۔ بچی کے بھائی کامران کے مطابق وہ آدھے گھنٹے کے لیے گھر سے باہر گیا اور واپس آیا تو اس کی بہن گھر سے غائب تھی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نےواقعےکا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو دوروز میں ملزم کو گرفتار کرنے کی ہدایت دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں