ساہیوال: جدید سکر مشینوں کی چابیاں ٹی ایم اے کے حوالے

ساہیوال (ایس این این ) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی حکومت نے بلا امتیاز عوام کی خدمت کی او ران کے مسائل حل کئے یہی وجہ ہے کہ پنجاب کے عوام اپنے قائد ین محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی رہنمائی میں صوبے کو مزید ترقی دینے کے لئے پر عزم ہیں – پنجاب میں سب سے زیادہ فنڈز ساہیوال شہر کو دیئے گئے کیونکہ یہاں کے باسیوں نے ہمیشہ مسلم لیگ سے محبت کی اور بلدیاتی الیکشن میں سب سے زیادہ اکثریت سے مسلم لیگی امیدواروں کو کامیابی دلائی -وہ یہاں بلدیہ گرائونڈ میں ایک کروڑ 37لاکھ روپے کی دو جدید سکر اور جیٹر مشینیں میونسپل کارپوریشن کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے – تقریب میں ممبر قومی اسمبلی پیر عمران احمد شاہ ،میئر سردار اسد علی خان بلوچ ،ڈپٹی میئر ساجد نعیم ہیپی ،مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری رائو نذرفرید ،پی ایچ کے کے چیئر مین پیر احسان الحق ادریس ،سٹی صدر آئی زیڈ بھٹی اور ملک ندیم قاسم کے علاوہ چیئر مینز اور کونسلرز کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی -انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف نے ہر یونین کونسل کو 25،25لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ دی ہے تا کہ عوام کے دیرینہ مسائل فوری حل ہوں اور انہیں بہتر شہری سہولیات دستیاب ہو سکیں -میونسپل کارپوریشن کو چاہیے کہ وہ سب سے زیادہ توجہ شہر کی صفائی اور بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے کو دیں تا کہ عوام کے یہ دو بڑے مسئلے حل ہو سکیں -انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کی تمام آبادیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بھی خصوصی ترقیاتی پیکج کے تحت کام جاری ہیں-صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے منتخب بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کی روز مرہ مشکلات کو فوری حل کریں تا کہ ان کے اعتماد پر پور ا اترا جا سکے -انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی پہلی ترجیح عوام کی خدمت او ران کے مسائل کا حل ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل برئوے کار لائے جائیں گے -بعد میں انہوں نے دونوں جدید مشینوں کی چابیاں میئر سردار اسد علی خان بلوچ کے حوالے کیں –

اپنا تبصرہ بھیجیں