ساہیوال (بیورورپورٹ )ڈپٹی کمشنر شوکت علی کھچی نے کہا ہے کہ عوام موسمی فلو سےپریشان نہ ہوں ۔یہ قابل علاج بیماری ہے۔بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سے رجوع کریں جہاں مفت تشخیص اور علاج کی مکمل سہولت موجود ہیں۔یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا‘ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم ‘ڈی ایچ او میڈیکل سروسز ڈاکٹر امتیازرانا اورڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعد بن سعید کے علاوہ محکمہ ہیلتھ کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا نے کہا کہ وائرس سے متاثرہ شخص کے کھانسنے یا چھینکنے سے آلودہ ذرات مریض کے ہاتھوں کے ذریعے ہمارے ارد گردجگہوں پر پھیل جاتے ہیں اور جب کوئی شخص ان جگہوں کو چھوتا ہے یا سانس لیتا ہے تو وائرس اس میں منتقل ہو جاتا ہے۔بخار ‘سر درد‘پٹھوں اور جوڑوں کا درد‘گلہ خراب ہونا اور ناک کا بہنا ‘سانس میں دشواری‘سینے میں درد‘الٹیاں اور دست موسمی فلو کی علامات ہیں ۔انہوں نے احتیاطی تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ کھانسنے یا چھینکنے کے وقت منہ اور ناک کو رومال سے ٹشو سے ڈھانپ لیں اوراستعمال کے بعد ٹشو کو فورا ٹھکانے لگا دیں‘ گندے ہاتھوں سے آنکھوں ‘منہ اور ناک کو نہ چھوئیں اورہاتھ صابن سے بار بار دھوئیں ۔مرض کی صورت میں عام لوگوں سے میل جول میں احتیاط برتیں اور ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کریں ۔ ڈاکٹر مشتاق سپرا نے مزید کہا کہ ہر نزلہ زکام کا مریض موسمی فلو کا مریض نہیں ہوتا ہے صرف احتیاطتی تدابیر اپنا کر ہم مرض سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔
