ساہیوال: معروف ماہر تعلیم شیخ محمد عمر انتقال کر گئے

ساہیوال(ایس این این) معروف ماہر تعلیم اورگورنمنٹ ہائی سکول ساہیوال کے سابق ہیڈ ماسٹر شیخ محمد عمر آج مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے. ان کی نماز جنازہ کل بروز جمعہ صبح 10:30 بجےگورنمنٹ ہائی سکول ساہیوال کی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی. شیخ محد عمر نے گورنمنٹ ہائی سکول ساہیوال میں طویل عرصہ بطور ہیڈ ماسٹر اپنی خدمات انجام دیں. ساہیوال اور گردو نواح کی اکثریت ان کے تعلیمی تجربے سے فیض یاب ہوئی اور انھوں نے ہزاروں نونہالان چمن کی بھرپور آبیاری کی. ان کے دور میں گورنمنٹ ہائی سکو ل نے مسلسل کئی سال ملتان بورڈ میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کیں. شیخ محمد عمر کے سینکڑوں شاگرد ملک اور بیرون ملک اعلیٰ عہدوں پر کام کر رہے ہیں. شیخ محمد عمر کی وفات پر ساہیوال کے سیاسی ، سماجی اور تعلیمی حلقوں نے گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساہیوال ایک شجر سایہ دار سے محروم ہو گیا ہے. مرحوم کی نماز جنازہ کل ان کے سابق ادارے گورنمنٹ ہائی سکول میں صبح ساڑھے دس بجے ادا کی جائے گی.

اپنا تبصرہ بھیجیں