ڈراما سونا چاندی کے خالق منو بھائی انتقال کر گئے

لاہور: ملک کے ممتاز کالم نویس، مصنف اور ڈرامہ نگار منیر قریشی المعروف منو بھائی لاہور میں انتقال کر گئے۔ان کی عمر 84 برس تھی۔پاکستان ٹیلی ویژن پر سونا چاندی سے ڈراما نویسی کے میدان میں شہرت کے عروج پر پہچنے والے منو بھائی آج مٹی ہو گئے.ذرائع کے مطابق سینئر صحافی منیر احمد قریشی منو بھائی کچھ عرصہ سے گردوں اوردل کے عارضہ میں مبتلا تھے اور شدید علالت کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کا ڈائیلائسز بھی کیا جاتا تھا۔وہ روزنامہ جنگ میں گریبان کے نام سے کالم بھی لکھتے رہے.
کالم نویس، دانشور اور صحافی منو بھائی 6 فروری 1933 کو وزيرآباد میں پیدا ہوئے اور وہ 50 سال سے زائد عرصے تک کالم نگاری سے منسلک رہے۔منوبھائی نے پاکستان ٹیلی وژن کے لیے بہت سے ڈرامے لکھے۔ ان کا سب سے مشہور ڈرامہ سونا چاندی ہے۔ سن 2007 میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں