معاشرے میں مثبت سوچ اجاگر کرنا میڈیا کی ذمہ داری ہے: ڈاکٹر شاہدصدیقی

ساہیوال(ایس این این ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ معاشرے میں مثبت سوچ کو اجاگرکرنے اور نوجوانوں کو جدید دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تربیت فراہم کرنے میں تعلیمی اداروں اور میڈیا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی اور انہیں اس مشترکہ ذمہ داری کو ادا کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے ۔ماضی میں مکتب کے ساتھ ساتھ مذہب اور خاندان اجتماعی تربیت کے اہم ادارے تھے لیکن فی زمانہ مذہب اور خاندان کی جگہ میڈیا نے لے لی ہے ۔ وہ یہاں ضلع کونسل ہال میں اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام قائد ڈے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈائریکٹر ریجنل سروسز میاں عارف سلیم ،ریجنل ڈائریکٹر ساہیوال چوہدری ذوالفقار علی ،ایڈیشنل کمشنر میاں جمیل احمد ،کنٹرولر امتحانات ساہیوال بورڈ قاضی عبدالناصر ،سی ای او ایجوکیشن رائو عتیق احمد اور ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی سمیت طلباء و طالبات ،اساتذہ اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔انہوں نے بتایا کہ اوپن یونیورسٹی ملک بھر کے محروم طبقات کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے اور اسوقت 13 لاکھ طلباء و طالبات مختلف شعبوں میں زیر تعلیم ہیں ۔یونیورسٹی میں تحقیق پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تا کہ سٹوڈنٹس میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کیا جا سکے ۔پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے بتایا کہ یونیورسٹی اگلے سمسٹر سے فاٹا اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد کو میٹرک تک مفت تعلیم فراہم کرے گی جبکہ یونیورسٹی جیلوں میں قیدیوں اور خصوصی بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ کتابیں بھی فراہم کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی قومی یکجہتی کا استعارہ ہے جس کے 44 ریجنل کیمپسز ملک کے ہر خطے میں بلا تمیز رنگ و نسل تعلیم فراہم کر رہے ہیں ۔انہوںنے بتایا کہ نوکری پیشہ اور کم مالی وسائل رکھنے والوں کیلئے اوپن یونیورسٹی کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے تا کہ یہ محروم طبقات بھی ترقی کی دوڑ میں آگے جا سکیں ۔ریجنل ڈائریکٹر چوہدری ذوالفقار علی نے بتایا کہ یونیورسٹی نے ساہیوال میں کیمپس کے قیام کیلئے 2 ایکڑ زمین خریدی ہے جس پر جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کیمپس تعمیر کیا جائے گا ۔اس کیمپس میں پی ایچ ڈی تک تحقیق کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی اور مقامی طلباء و طالبات یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری میں دستیاب سہولتوں سے براہ راست منسلک ہوں گے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی نے نئی نسل پر زور دیا کہ وہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے زریں اصولوں پر عمل کریں اور اپنے کردار سے دوسروں کیلئے مشعل راہ بنیں تا کہ ملک کو جدید دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کیا جا سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں