ساہیوال ٹی 20 میچ میں ساہیوال ٹائیگرز کو شکست

ساہیوال ( بیورورپورٹ ) سٹار کرکٹرز کی شیخ ظفر علی سٹیڈیم میں آمد ‘ صوبائی وزیر کی خراب بیٹنگ کارکردگی کے باعث ساہیوال ٹائیگر الیون شکست سے دوچار ہوگئی ‘مین آف میچ رانا نوید الحسن قرار پائے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ ظفر علی سٹیڈیم میں سٹا ر کرکٹرز مشتاق احمد‘ عبدالرزاق ‘منظور الٰہی ‘ ظہور الٰہی ‘سلیم الٰہی ‘رانا نوید الحسن ‘ذوالفقار بابر اور دیگر نامور کھلاڑی تفریحی میچ کھیلنےکیلئے آئے اور انٹرنیشنل سٹا ر الیون اور ساہیوال ٹائیگر الیون کے درمیان ٹی20 کرکٹ میچ کھیلا گیا۔ انٹر نیشنل سٹا ر الیون کی طرف سے عبدالرزاق اور ساہیوال ٹائیگر الیون کی طرف سے مشتاق احمد نے کپتانی کی۔ عبدالرزاق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کافیصلہ کیا اور مقررہ20اوورز میں 140رنز بنائے ۔ انٹرنیشنل سٹا ر الیون کی طرف سے رانا نوید الحسن نے 42 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے جبکہ عبدالرزاق نے38سکور بنائے جس کے جواب میں ساہیوال ٹائیگر الیون 127 رنزپر ڈھیر ہوگئی۔ساہیوال الیون کی طرف سے سلیم الٰہی نے 52 ‘شیرون نے 22سکور بنائے ‘انٹرنیشنل سٹا ر الیون کے رانانوید اور ذوالفقار بابر نے 2-2 اورعبدالرزاق نے 1کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ساہیوال ٹائیگر الیون کی طرف سے احمر اشفاق نے3‘ عمران ادریس‘مشتاق احمد اور منظور الٰہی نے 1-1کھلاڑی آئوٹ کئے۔ ساہیوال الیون کی طرف سے صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے 11گیندوں اور ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران احمدشاہ نے تین گیندوںکا سامنا کیا اوردونوں کوئی رنز بنانے میں ناکام رہے جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر عاطف اکرام نے8گیندوںپر 7رنز بنا کر شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کیا۔ رانا نوید الحسن کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔ میچ کے دوران ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے معروف کرکٹرز شیخ بشارت شفیع‘ رشیدا حمد گل ‘دلدار ملک کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ آخر میں صوبائی وزیر ملک ندیم کامران اور ممبر قومی اسمبلی پیرسید عمران احمدشاہ نے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ ایمپائر نگ کے فرائض محمد کلیم ‘قیصر وحید اور سکورنگ کے فرائض رانا شعیب نے انجام دیئے۔ میچ کے موقع پر پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں