ساہیوال ( ایس این این )کمشنرساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے اراضی سنٹر پر عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سنٹر پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے اور ٹوکن سسٹم کو بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے تا کہ عوام کو بہتر سروسز کی فراہمی انتظامیہ کی ترجیح ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی -انہوں نے یہ بات ایک نجی ایف ایم چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی جس میں ڈویژن میں جاری ترقیاتی پروگراموں اور عوامی مسائل کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا گیا -انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں 4ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی پروگرام جاری ہے جس سے عوام کو بہتر شہری سہولیات فراہم ہونگی اور ان کا معیار زندگی بلند ہو گا -انہو ںنے بتایا کہ ڈویژن میں 6سو سے زائد سکولوں میں اضافی کمرے تعمیر کئے جا رہے ہیں جبکہ صحت کی سہولیات میں بہتری کے لئے ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے -انہو ںنے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کا نیا بلاک تیزی سے مکمل ہو رہا ہے او راس کے دو فلور مارچ کے آخر تک مکمل کر کے آپریشنل کر دیئے جائیں گے -کمشنر علی بہادر قاضی نے بتایا کہ ساہیوال شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے پی ایچ اے کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جس میں تمام اہم پارکوں کی تزئین و آرائش اور اہم شاہرائوں پر پھول وغیرہ لگانا بھی شامل ہیں -ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا گیا ہے اور ڈویژن کی دونوں ملیں چل رہی ہیں او رکاشتکاروں کو پورے وزن میں ادائیگی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے -انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گلی محلے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں تعاون کریں تا کہ ساہیوال کو مزید خوبصورت بنایا جا سکے –
