ساہیوال: کمشنر ساہیوال کا ہڑپہ میوزیم کا دورہ

ساہیوال (ایس این این)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ وادی سندھ کی تہذیب کو دنیا میں متعارف کروا کر پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ملک کا امن پسند چہرہ بین الاقوامی برادری تک پہنچایا جا سکتا ہے – ہڑپہ کے تہذیبی ورثے کو محفوظ کرنے اور مزید کھدائی کے لئے پنجاب حکومت ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے جس سے مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کو مزید تفریحی سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں ہڑپہ کے تہذیبی ورثے سے بہتر آگہی ہو گی -انہوں نے یہ بات ہڑپہ میوزیم کے دورے کے دوران کی،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس ،کیوریٹر محمد حسن ،اسسٹنٹ کیوریٹر احمد نواز ٹیپو اور ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ریاض ہمدانی بھی ان کے ہمراہ تھے -انہوں نے ہڑپہ کے 5ہزار سال پرانے کھنڈرات کا تفصیلی جائزہ لیا اور انہیں محفوظ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا -انہوں نے سیاحوں کو ہڑپہ تہذیب کے بارے میں آگہی کے لئے آڈیٹوریم تعمیر کرنے کے کام کو جلد شروع کرنے کی بھی ہدایت کی جس میں ایک سو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی اور وادی سندھ کی تہذیب سے متعلق دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی -میوزیم کے کیوریٹر محمد حسن نے بتایا کہ منصوبے کے لئے ٹھیکہ الاٹ ہو چکا ہے اور اس ماہ کام کا آغاز کر دیا جائے گا -انہوں نے بتایا کہ کھنڈرات کو محفوظ بنانے کے لئے چار دیواری کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جس میں مقامی آبادی کی سہولت کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے -محمد حسن نے کمشنر کو ہڑپہ تہذیب کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں کھنڈرات کا دورہ کرایا –

اپنا تبصرہ بھیجیں