کمشنر ساہیوال کا سول ہسپتال کا ہنگامی دورہ

ساہیوال (بیورورپورٹ )کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے وارڈز میں سینئر ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کا سخت نوٹس لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ تمام سینئر ڈاکٹر وارڈز کا باقاعدگی سے رائونڈ کریں تا کہ مریضوں کو بہتر سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔نئی تعمیر ہونے والی بلڈنگ کے دو بلاکس کو بھی مارچ تک مکمل کر لیا جائے تا کہ مزید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں دیں جس میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارشد قریشی‘ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلا نی وینس اور ایم ایس ڈاکٹر محمد اعجاز کے علاوہ محکمہ بلڈنگ کے افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے وارڈز میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور او پی ڈی میں مریضوں کو رش سے بچانے کیلئے مینجمنٹ سسٹم کو بہترکرنے کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ ڈائلسز سنٹر میں ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے اور جب تک ہسپتال کو ادویات کی سپلائی نہیں ملتی تب تک لوکل پرچیز سے ادویات دی جائیں۔قبل ازیں انہوں نے ساہیوال میڈیکل کالج کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی گئی تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا۔وہ پتھالوجی اور فیزیالوجی ڈیپارٹمنٹس بھی گئے اور طلبا و طالبات کو لیکچر اٹینڈ کرتے ہوئے دیکھا۔طلبا وطالبات نے تالیاں بجا کر کمشنر علی بہادر قاضی کو خوش آمدید کیا۔پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارشد قریشی نے بتایا کہ 2016میں کالج سے پہلے بیج نے ڈگری حاصل کی اور پہلے ہی سال ساہیوال میڈیکل کالج کا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے 29کالجز میں 97.87فیصد نمبروں کیساتھ پہلی پوزیشن رہی جبکہ کالج کی طالبہ ڈاکٹر ام حبیبہ نے یونیورسٹی میں تیسری پوزیشن حاصل کی ۔کمشنر نے کالج کی کارکردگی کو سراہا اور کالج کی تعمیر کے فیز ٹو کی منظوری کی یقینی دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں