قیدیوں کو بہترین سہولیات دینے میں کوشاں ہیں: صوبائی وزیر

ساہیوال (ایس این این )صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجرا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے قیدیوں کوبہترین سہولیات اور سزا پوری ہونے کے بعد معاشرے کا با عزت شہری بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں ان کی ووکیشنل ٹریننگ اور مختلف کار آمد ہنر سکھائے جاتے ہیں -انہوں نے یہ بات سنٹرل جیل ساہیوال کے تفصیلی دورے کے دوران کہی -اس موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات ساہیوال ریجن ملک مبشر اور جیل سپرنٹنڈنٹ محمد جاوید بھی موجود تھے -دورے کے دوران انہوں نے خواتین بیرکس ،جیل ہسپتال ،کچن ،لٹریسی سنٹر ،لائبریری ،پی سی او بوتھ کا معائنہ کیا -صوبائی وزیر نے خواتین بیرکس کے توسیعی و تزئین منصوبے کا افتتاح کیا جس میں کچن ،ٹیوٹا کلاس رومز اور خواتین اسیران کے لئے پی سی او بوتھ شامل ہیں ،ٹیوٹا کے تعاون سے چلنے والے بیوٹیشن سنٹر ،سلائی کڑائی سنٹر بھی گئے اور خواتین کو سکھائے جانے والے ہنر اور سہولیات بارے میں دریافت کیا -بعد ازاں صوبائی وزیر نے کچن کامعائنہ کیا اور قیدیوں کو دیا جانے والا کھانا کھا کر چیک کیا اور انہوں نے جیل میں ایجوکیشن سنٹر اور لائبریری کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود قیدیوں سے قرآن پاک کی تلاوت سنی ،جیل ہسپتال کے معائنے کے دوران نے انہوں نے قیدیوں مریضوں کے علاج معالجے بارے دریافت کیا اور دی جانے والی ادویات کو بھی چیک کیا -صوبائی وزیر نے جیل ملازمین سے ان کے مسائل دریافت کئے جن پر انہوں نے اپنے مطالبات صوبائی وزیر کو پیش کئے جس پر انہوں تمام مطالبات جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی – جیل سپرنٹنڈنٹ محمد جاوید نے انہیں جیل میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ٹیوٹا کے تعاون سے قیدیوں کومختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں تا کہ وہ رہائی کے بعد مفید شہری بن سکیں -صوبائی وزیر نے جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا اور قیدیوں سے ملاقات کے دوران انہیں مقدمات کے جلد فیصلوں کا یقین دلایا –

اپنا تبصرہ بھیجیں