ساہیوال: ذہین طلبا کے اعزاز میں تقریب

ساہیوال (بیورورپورٹ )کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے ضروری ہے کہ نئی نسل کو نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کی جائے بلکہ ان کی تربیت پر بھی مکمل توجہ دی جائے۔ذہین طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی سے دوسرے بچوں میں محنت کرنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے جسے سراہا جانا چاہیے۔ وہ یہاں ضلع کونسل ہال میں سٹوڈنٹ ایڈ سوسائٹی کے زیر اہتمام میٹرک اور انٹر میڈیٹ امتحانات میں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں سوسائٹی کے صدر انوارالحق ایڈووکیٹ ‘نائب صدور چوہدری محمد رفیق اور چوہدری سلطا ن محمود‘پرنسپل ڈی پی ایس بریگیڈئر (ر) انوارالحسن کرمانی ‘پروفیسر عبدالباقی خان اور طلبا و طالبات کے والدین اور اساتذہ نے شرکت کی ۔انہوں نے سٹوڈنٹ ایڈ کی طرف سے ذہین طلبا و طالبات کو انعامات اور مستحق بچوں کو اعلی تعلیم کے قرضہ حسنہ فراہم کرنے پر سوسائٹی کے کردار کو سراہا۔نائب صدر چوہدری محمد رفیق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ سوسائٹی 1948سے طلبا وطالبات کی اعلی تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کر رہی ہے او رابتک 2931طلبا وطالبات میں ایک کروڑ87لاکھ روپے کے قرضہ حسنہ تقسیم کر چکی ہے جبکہ 1998سے ذہین طلبا وطالبات کو انعامات بھی دیئے جا رہے ہیں اور ابتک 880طلبا وطالبات کو نوازا جا چکا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر علی بہادر قاضی نے ڈی پی ایس ساہیوال کی تعلیمی کارکردگی کو بھی سراہا اور شاندار نتائج پر پرنسپل بریگیڈئر (ر) انوار الحسن کرمانی کی خدمات کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر ذہین طلبا و طالبات اسد مسعودشاہ ‘عائشہ آصف‘ایمان ایمن ‘زین افضل اور دوسروں کو انعامات دیئے گئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں