سو لفظی کہانی

مبشر علی زیدی
’’کل کام والی ماسی نے چھٹی کر لی۔
فون کیا تو بولی، طبیعت خراب ہے۔
میں نے خوب ڈانٹا۔‘‘
ڈوڈو نے منہ بگاڑ کے کہا۔
’’جھوٹی کہیں کی!‘‘
میں نے تبصرہ کیا۔
’’کل میرا ڈرائیور بھی غائب ہو گیا۔
فون کیا تو بولا، طبیعت خراب ہے۔
میں نے کہا، کل آنا،
طبیعت صاف کروں گا۔‘‘
ڈوڈو نے غصے کا اظہار کیا۔
’’جھوٹا کہیں کا!‘‘
میں نے مذمت کی۔
پھر پوچھا،
’’آج تم گھر میں کیا کر رہے ہو؟‘‘
ڈوڈو نے کہا،
’’رات بارش ہوئی تھی۔
صبح دفتر جانے کو دل نہیں چاہا۔
فون کر کے کہہ دیا،
طبیعت خراب ہے۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں