رزلٹ کارڈ جاری نہ کرنے پر ساہیوال یونیورسٹی کے طلبا کا احتجاج

ساہیوال ( بیورورپورٹ)16ماہ گزرنے کے بعد بھی ایم ایس سی کا رزلٹ کارڈ نہ ملنے پر طلباء وطالبات کا یونیورسٹی کے باہر روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج‘کنٹرولر کی طرف سے جلد رزلٹ دینے کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ۔تفصیلات کے مطابق بہائوالدین ذکریا یونیورسٹی کیمپس ساہیوال کے سینکڑوں طلباء و طالبات نے یونیورسٹی کے باہر روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا اور یونیورسٹی حکام کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ مظاہرین طلباء کا کہنا تھا کہ انہوںنے ایم ایس سی کا امتحان 16ماہ قبل دیا تھا اور 16ماہ گزرنے کے بعد ابھی تک رزلٹ کارڈ نہیں دیئے گئے ۔ اس سلسلہ میں سابق کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ نے بھی وائس چانسلر بی زیڈ یو کو معاملات حل کرنے کا کہا تھا اور وائس چانسلر نے معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن ابھی تک معاملہ حل نہ ہو سکا ۔ ساہیوال یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق پریکٹیکل نمبر بھیج دیئے گئے تھے جو جمع نہ کئے گئے اور رزلٹ کارڈ جاری نہ ہوئے اب کنٹرول بی زیڈ یو نے کمیٹی مکمل ہونے پر رزلٹ کارڈ جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ بعدازاں مظاہرین جلد معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی پر منتشر ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں