گردہ برائے فروخت کا اشتہار ملتان کے شہریوں‌کی توجہ کا مرکز

ملتان(ویب نیوز)ملتان میں میٹرو فلائی اوور کے ستون پر آویزاں ایک اشتہار عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ گردہ برائے فروخت کایہ اشتہار ملتان کے نواحی علاقی شیر شاہ کی مظفر آباد نامی بستی کے رہائشی قیصر عباس کی مفلسی کی داستان بیان کر رہا ہے۔ ساہیوال اپ ڈیٹس کی جانب سے جب اشتہار میں دئیے گئے نمبر پر رابطہ کیا گیا تو قیصر عباس نامی شخص نے بتایا کہ اس کی پانچ بیٹیاں ہیں جن میں سے دو کی شادی قرض لے کر کر چکا ہے اب تیسری بیٹی کی شادی کے لیے اس کے پاس رقم نہیں اس لیے وہ گردہ بیچنے پر مجبور ہے۔ قیصر عباس کے مطابق وہ ملتان کی میڈیسن مارکیٹ میں 13 ہزار روپے ماہوار پر ملازم ہے۔ جس میں بچیوں کی شادی تو دور ایک کنبے کی دو وقت کی روٹی پوری کرنا بھی دشوار ہے۔ ساہیوال اپ ڈیٹس کے مطابق قیصر عباس نامی شخص کا کہنا تھا کہ گھریلو مجبوریوں اور بیٹیوں کی خوشی کے لیے وہ گردہ بیچنے پر مجبور ہوا ہے۔دو بچیوں کی شادی کا کچھ قرض بھی اس کے سر پر ہے اس لیے سفید پوشی کا بھرم رکھنے کے لیے اس کے پاس گردہ بیچنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔سوشل میڈیا پر اس اشتہار پر ملے جلے جذبات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ یہ اشتہار ملتان کے ایک سماجی کارکن فاروق ملک نے شئیر کی ہے۔ مخیر حضرات نے مذکورہ شخص کی مالی مدد کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں