ملک بھر سے 15 ارب روپے کی املاک واگزار کرالی گئیں: صدیق الفاروق

ساہیوال(بیورو رپورٹ)متروکہ وقف املاک بورڈ اوقاف پاکستان کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہاہے کہ بورڈ نے ننکانہ صاحب‘ لاہور‘کراچی‘ سرگودھا‘فیصل آباد‘ راولپنڈی اوردیگر شہروں سے تقریباً15ارب روپے کی پراپرٹی واگذار کرالی ہے جوبااثر سیاسی گروپوں کے قبضہ میں کافی عرصہ سے چلی آرہی تھی۔ وہ یہاں دورہ ساہیوال کے دوران اخبارنویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈساہیوال محمدسلیم گوندل اوردیگرافسران کے علاوہ مسلم لیگی راہنما چوہدری محمدماجدعلی بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی پراپرٹی قبضہ میں لیتے وقت حکومتی رٹ کو بھی چیلنج کیاگیافائرنگ اور ہنگامے کئے گئے‘میری گاڑی کی توڑپھوڑ بھی کی گئی اور دفترکوجلایاگیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تزئین وآرائش کی گئی جس پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے ہیں اور ترقیاتی کاموں کیلئے 26رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو ماسٹرپلان کے تحت اقلیتوں کی عبادتگاہوں کی حفاظت کریگی۔ انہوں نے سوڑی گلی کے قریب مندرکوسکھوں کے گوردوارہ کادرجہ دینے کی اپیل مسترد کرتے ہوئے مندر کی حیثیت کوبحال کردیا ہے اوربورڈ مندر کی تزئین وآرائش کرکے اس مندر کو کمیونٹی کادرجہ دیکرکمیونٹی کی سرگرمیوں کامرکزبنائیگی جس کیلئے ایک منصوبہ تیارکیاگیاہے اورمندر سے ملحقہ 12 مرلے مارکیٹ کی اراضی پر ڈویلپمنٹ کی اجازت دیدی گئی ہے جہاں پر شاپنگ پلازہ بنایاجائیگا۔ انہوں نے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرساہیوال سلیم گوندل کوحکم دیا کہ موروالاچوک میں میونسپل کمیٹی کے سکول والی جگہ کافوری قبضہ لیاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں