ساہیوال (ایس این این )صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ساہیوا ل شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے 20کروڑ روپے کے 72منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جس سے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات دستیاب ہونگی اور ان کے دیرینہ مسائل بھی حل ہونگے۔یہ منصوبے حلقہ پی پی 221کے لئے صوبائی حکومت کے مختص فنڈ ز سے مکمل کئے جائیں گے -انہوں نے یہ بات اپنے کیمپ آفس میں مسلم لیگی کارکنوں سے ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے بتایا کہ اس جامع منصوبے کے تحت کالج چوک سے جہاز گراؤنڈ چوک براستہ ڈی پی ایس سڑک کوکشادہ کرنے کے ساتھ ساتھ بہتر بنایا جائے گا جس پر لاگت کا تخمینہ 2کروڑ36لاکھ روپے لگایا گیا ہے اس کے علاوہ 95لاکھ 81ہزار روپے سے سٹیڈیم روڈ تا ساہیوال آرٹس کونسل براستہ فائیو ویز چوک،3کروڑ روپے سے جوگی چوک تا سٹیڈیم چوک کارپیٹڈ سڑک،3کروڑ 98لاکھ روپے سے کالج چوک تا کمپری ہنسو چوک،ایک کروڑ روپے سے نہر لوئر باری کے ساتھ ساتھ جھال روڈ تا پل بازار،95لاکھ روپے سے فتح شیر روڈ،55لاکھ 70ہزار روپے سے پاک ایونیو میں نورشاہ روڈ تا مڈھالی روڈ اور 45 لاکھ روپے سے مین شاد مان روڈ کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے مزید بتایا کہ 15،15لاکھ روپے سے بن شفیق مال سے فتح شیر روڈ،گرلز کالج روڈ سے فتح شیر روڈ،گہوارا تعلیم سکول والی اور گلی نمبر 10کوٹ خادم علی جبکہ 18لاکھ روپے سے چک نمبر 82/6-Rتا اوڈ کالونی سڑکی کی تعمیر از سر نو کی جائے گی -انہوں نے بتایا کہ یہ تمام منصوبے 30جون تک مکمل کر لئے جائیں گے، اس کے علاوہ تمام آبادیوں اور حلقے کے دیہات میں خراب مزید سڑکوں کو بھی از سر نو تعمیر کر کے بہتر بنایا جائے گا۔ملک ندیم کامران نے کہا کہ ساہیوال کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ کی حکومت کا ساتھ دیا ہے اوران منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی وزیر اعلی پنجاب محمدشہباز شریف کی ساہیوال کے شہریوں سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔
